شیرانی، وزیراعلی بلوچستان کے رمضان ریلیف پیکج 485 مستحقین میں راشن فراہم

شیرانی(یو این اے ) شیرانی میں ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایات پر وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے رمضان ریلیف پیکج کے تحت راشن کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ضلعی انتظامیہ اور ایف سی مانی خواہ کے صوبیدار ربنواز کی نگرانی میں مجموعی طور پر 485 مستحق اور نادار افراد میں راشن کے تھیلے تقسیم کیے گئے۔اس فلاحی اقدام کو علاقے کے سماجی و عوامی حلقوں نے بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راشن کی تقسیم کا بنیادی مقصد رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے تاکہ وہ پرسکون طریقے سے روزے اور عبادات کا اہتمام کر سکیں۔ ضلعی حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ راشن کی تقسیم کا یہ عمل مکمل شفافیت کے ساتھ جاری رہے گا اور کوشش کی جائے گی کہ ضلع بھر کے تمام حقدار گھرانوں تک یہ امداد پہنچائی جائے۔