افغانستان کے صوبے کنڑ میں اسکول کے قریب دھماکہ، متعدد طلبہ کی ہلاکت اور زخمیوں کی اطلاعات

افغانستان کنڑ میں اسکول کے قریب دھماکہ

اشاعتی ڈیسک: مانیٹرنگ ڈیسک

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ میں ایک اسکول کے قریب دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 6 طلبہ جاں بحق اور 97 زخمی ہو گئے۔ دھماکہ ہفتے کی صبح تقریباً 10 بجے کنڑ کے علاقے اندر سیر میں ایک مڈل اسکول کے قریب واقع مکان میں ہوا۔ کنڑ کے صوبائی اسپتال کے سربراہ مولوی داد نے بتایا کہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد ابتدائی ہے اور مزید معلومات سامنے آنے کے بعد اس میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔ صوبے کے ڈائریکٹر اطلاعات و ثقافت مولوی سمیع الحق کے مطابق دھماکے کی جگہ اسکول کے قریب واقع ایک مکان تھا، جہاں کان کنی کے کام سے وابستہ افراد نے بارودی مواد (ڈائنامائٹ) ذخیرہ کر رکھا تھا۔ واقعے کے بعد کنڑ صوبے کی تحقیقاتی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ کنڑ پاکستان کی سرحد سے متصل افغانستان کا مشرقی صوبہ ہے۔