اسلام آباد اور راولپنڈی معزز مہمانوں کے احترام میں بند نہیں کیا، ملک بھر میں پرامن احتجاج جاری ہے، ترجمان جمعیت

ترجمان جمعیت

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

لاہور (ویب ڈیسک) ترجمان جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے میڈیا سیل سے جاری ترجمان اسلم غوری کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکیہ اور سعودی عرب کے معزز وفود کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، مہمانوں کی آمد ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔ جے یو آئی کبھی نہیں چاہتی کہ ہمارے احتجاج کے باعث کسی بھی قسم کے سفارتی عمل میں کوئی رکاوٹ پیدا ہو۔ ہم پرامن لوگ ہیں، ہمارا احتجاج بھی مکمل طور پر پرامن ہے، ملک بھر میں ہمارا احتجاجی سلسلہ جاری ہے۔ ملک بھر کی قومی شاہراہوں پر احتجاج جاری ہے، تاہم اسلام آباد اور راولپنڈی کو بند نہیں کیا گیا اور نہ ہی بند کرنے کا کوئی ارادہ ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں احتجاج نہ کرنے کا فیصلہ بین الاقوامی مہمانوں کی آمد اور پاکستان کے سفارتی وقار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان آنے والے معزز غیر ملکی مہمانوں کے سامنے کوئی منفی تاثر جائے یا پاکستان کے حوالے سے کوئی منفی آواز اٹھے۔ جمعیت علمائے اسلام اپنے احتجاج کے جمہوری اور پرامن حق پر قائم ہے، تاہم قومی مفاد اور سفارتی آداب کا خیال رکھنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔