اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
لاہور (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے 26 نومبر کو سرگودھا میں ہونے والی کانفرنس برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے۔ اپنے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے دعویٰ کیا کہ لاہور کے داخلی راستوں پر کنٹینر کھڑے کردیے گئے ہیں، موٹروے سمیت سرگودھا جانے والے راستے بند ہیں، جبکہ جلسہ گاہ پر پولیس نے قبضہ کر رکھا ہے۔ ان کے مطابق سرگودھا، خوشاب اور دیگر اضلاع میں جے یو آئی کے کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے مرکزی ناظم عمومی مولانا عبدالغفور حیدری اور پنجاب کے صوبائی امیر مولانا امجد خان کو بھی نظر بند رکھا گیا ہے، جبکہ جمعیت طلبہ اسلام کے سربراہ سمیت دیگر کارکنوں کی گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں اور شاہراہوں، ہائی ویز اور موٹرویز کو احتجاجاً بند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی اپنے جمہوری حق، جلسے پر پابندی اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کرے گی۔ علاوہ ازیں جمعیت علماءاسلام سندھ میڈیا سیل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمٰن کی کال پر صوبائی امیر سائیں عبدالقیوم ہالیجوی اور قائد سندھ علامہ راشد خالد محمود سومرو کے حکم پر جمعیت علماءاسلام صوبہ سندھ کے کارکنان کی جانب سے مختلف اضلاع میں اہم شاہراہیں بند کردی گئیں۔ تحصیل جونیجو، ضلع قمبر شہدادکوٹ: رتوڈیرو سی پیک شاہراہ بلاک۔ شکارپور میں پنجاب اور بلوچستان جانے والی نیشنل ہائی وے بند۔پکا چانگ مہران ہائی وے مکمل بند، حیدرآباد قاسم آباد الفلاح ہائی وے، مٹیاری نیشنل ہائی وے، دادو چودھری میھڑ کے مقام پر انڈس ہائی وے، نوشہروفیروز نیشنل ہائی وے، نصیرآباد انڈس ہائی وے، ضلع کشمور غوثپور شہر میں نیشنل ہائی وے سمیت سندھ بھر کے چھوٹے بڑے ہائی ویز جام کردیے گئے ہیں۔
