ماخذ: آئی این پی
کوئٹہ (آئی این پی) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کوئٹہ بلیلی کے مقام پر کسٹم کے اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کو تنگ کرنے کے ناروا اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبے بھر اور بالخصوص کوئٹہ سمیت دیگر تمام پشتون اضلاع میں جاری بدامنی ، بیروزگاری ، مہنگائی نے عوام کو سخت ذہنی کوفت کا شکار بنا رکھا ہے ایسے میں عوام کو غیرضروری طور پر ناکہ لگاکر تنگ کرنے، تلاشی کے نام پر ان کی تضحیک کرنے کے عمل سے عوام میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے ۔ اسی طرح شہر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے ناکہ بندی اور شہریوں کی تضحیک کا عمل قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ۔ شہر کے اندر ناکہ بندی کی بجائے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی کو مضبوط بنانا چاہیے اندرون شہرواضلاع کے داخلی میں ناکوں کا مقصد شہریوں کو غلامی ، ذہنی اذیت سے دوچار کرنا ہے اور اس حوالے سے عدالت عالیہ کے فیصلے پر بھی عملدرآمد نہیں ہوسکا جو کہ قابل افسوس ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کسٹم اہلکار مختلف حیلے وبہانوں سے کوئٹہ سے اشیاءضروریات وخوراک کے استعمال کی چیزوں کو گاڑیوں سے اتارنے، رشوت طلب کرنے، شہریوں اور بالخصوص کوئٹہ چمن و دیگر اضلاع کے تاجروں، گاڑیوں کے ڈرائیورز کوتنگ کرنے کے غیر انسانی، غیر قانونی اور عوام دشمنی پر مبنی اقدامات کے مرتکب ہورہے ہیں جس کا نوٹس لینا کلیکٹر کسٹم اور دیگر حکام کی ذمہ داریوں میں شامل ہوتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چمن ڈیورنڈ خط پر تجارتی راستوں کی بندش کے باعث نہ صرف چمن بلکہ تمام صوبے کے تاجروں، مزدوروں اوربالخصوص چھوٹے تاجروں کا معاشی قتل عام ہوا ہے۔ ہزاروں نوجوانوں کو سازش کے تحت بیروزگار کرکے ان سے حلال رزق وروزی چھین لی گئی ہے۔ مسلط حکومت کے ان فیصلوں کی پارٹی ہر سطح پر مذمت کرتی رہی ہے اور آج بھی مطالبہ کرتی ہے کہ ڈیورنڈ خط کے تمام تجارتی راستوں پر آمد ورفت بحال ہو اور عوام کو پر امن ماحول میں تجارت، کاروبار، روزگار کے مواقع فراہم کرکے جاری معاشی قتل کا تدارک کیا جائے۔
