ماخذ: یو این اے
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت دو مختلف کارروائیوں میں 15 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلی کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ کارروائی میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مستونگ میں دوسری کارروائی کے دوران مزید 10 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ اس کارروائی میں بھی بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کے علاوہ فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران کلی پسند خان، موسی خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو دہشتگردوں سے مکمل طور پر کلیئر کرالیا گیا ہے۔سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دریں اثناءکوئٹہ کے سیاحتی علاقہ شابان سے اغوا ہونے والے دو افراد نور خان اور احسان اللہ وزیر کی مسخ شدہ لاشیں جمعرات 19 نومبر کو مل گئیں، جن کی شناخت ورثا نے کپڑوں اور جوتوں کے ذریعے کرلی۔ دونوں افراد کو اغوا کے تقریبا ایک ماہ بعد قتل کیے جانے کے دعوے کے بعد ان کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔پولیس کے مطابق نور خان اور احسان اللہ وزیر کو 8 اکتوبر کو پی ایم ڈی سی ایریا سے گاڑی سمیت اغوا کیا گیا تھا۔ دونوں افراد ایف سی کے لیے سبزیاں لے کر مارواڑ گئے تھے اور واپسی پر اغوا ہوئے۔اطلاعات کے مطابق کالعدم تنظیم بی ایل اے نے 7 نومبر کو جاری کردہ بیان میں دعوی کیا تھا کہ دونوں مغویوں کو 19 اکتوبر کو قتل کردیا گیا تھا۔ورثا کے مطابق دونوں افراد کی لاشیں انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کیں، جبکہ پولیس کی جانب سے تلاش کے دوران کوئی تعاون فراہم نہیں کیا گیا۔ بعدازاں ورثا نے کپڑوں اور جوتوں سے لاشوں کی شناخت کی۔دونوں افراد کو نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کردیا گیا، احسان اللہ وزیر کو غوث آباد جبکہ نور خان کو چشمہ اچوزئی میں دفن کیا گیا۔
