بانی پی ٹی آئی نے تینوں چیف جسٹس کو خط میں ریلیف نہیں اپنا حق مانگا ہے، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان

ماخذ: این این آئی

راولپنڈی (این این آئی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اپنے خط میں این آراو، فیور اور ریلیف نہیں مانگ رہے بلکہ وہ صرف اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں انصاف مانگتا ہوں، یہ ان کا حق ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے ملک کی تینوں بڑی عدالتوں کے چیف جسٹس کو خط لکھا۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خانم کی نظر بندی کے 60 دن پورے ہوگئے، پنجاب میں کسی غیرسیاسی خاتون نے اتنی نظر بندی نہیں گزاری۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خط کو درخواست تصور کرکے چیف جسٹس کارروائی کریں، بانی پی ٹی آئی نہ این آراو، نہ فیور، نہ ریلیف مانگ رہے ہیں، وہ صرف اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ان سے انصاف کریں اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملاقات کے 2 نام عدالت نے دیے، پہلا نام لطیف کھوسہ کا تھا پھر ہماری استدعا پر سلمان صفدر کا نام بھی شامل ہوا۔ پارٹی لیڈرز سے ہمیشہ کہا کہ کوئی بھی بات پارٹی پلیٹ فارم سے باہر نہ کریں۔ شکر ہے کہ دو بندے ملاقات کو چلے گئے، بجائے اس کے کہ ایک جاتا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملاقاتیں کھل کر ہونی چاہئیں، ہر لفظ پر سیاسی اور آئینی قدغن نہیں ہونی چاہیے۔ جو لیڈر بانی پی ٹی آئی سے مل کر جائے اس کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے۔ ہم سیاسی جماعت ہیں، اختلاف کرنے پر کسی کو نکال تو نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کوئی گروپنگ نہیں، سلمان اکرم راجہ کو اگر نظر آ رہی ہے تو اختلاف رائے ہوسکتا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی سیل میں 7 سانپوں کی غلط خبر کیوں باہر بھیجیں گی؟ بشری بی بی کو اس وقت تک اسپتال میں رکھیں جب تک ڈاکٹر نہ کہے کہ وہ مکمل صحتیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ پیپلز پارٹی سے کوئی لانگ ٹرم قربت ہوسکتی ہے۔ ہماری اور پی پی کی پالیسی میں بڑا فرق ہے۔بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ سسٹم کولیپس کی نشاندہی ہے، بلاول بھٹو کا سسٹم کولیپس کا بیان تاخیر سے آیا ہے،بلاول سمیت سارے لیڈر بتادیں کہ کیسے سسٹم کو ری سیٹ کریں؟انہوں نے کہا کہ یہ سارے ذاتی مفاد کیلئے اکٹھے ہوئے جس نے جو فائدہ لینا تھا لے لیا۔ آپ نے اقتدار لیا، آپ بینیفشری ہیں، ضرور کسی اور نے آپ کو اس کرسی تک پہنچایا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہے تو عوامی فلاح بہبود اور جمہوریت کیلئے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول نے اپنے بیان میں تسلیم کرلیا کہ پی ٹی آئی کے بغیر بات نہیں بنے گی۔ بلاول نے تسلیم کیا کہ پی ٹی آئی بھی اسٹیک ہولڈر ہے، اس کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میں کسی ایک کو بھی شک کا فائدہ نہیں دوں گا، کراچی میں 15 سیٹیں ایم کیو ایم کے پاس گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپس کے مفادات کیلئے اکٹھے ہوجاتے ہیں اور کہتے ہیں یہ جمہوریت کیلئے ہے۔ جب ان کے مفادات کو ٹھیس پہنچتی ہے تو یہ اور طرف ہوجاتے ہیں۔ حکومت میں شامل تمام جماعتیں اس سسٹم کی بینیفشری ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ قومی حکومت کی طرف آئیں، آزاد عدلیہ اور الیکشن کمیشن قائم کریں اور انتخابات کروائیں،سب استعفیٰ دیں اور فوری قومی حکومت بنائیں اور ہمیں انصاف دیں۔ انہوںنے کہاکہ قومی حکومت بنے گی تو یقینا سب کچھ نیا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کے بغیر کچھ نہیں ہے، قومی حکومت میں پارٹی حصہ دار نہیں، جو بھی کریں گے بانی پی ٹی آئی سے مشورہ کرکے کریں گے۔