جھل مگسی میں خلق شہید نواب نوروز خان زہری پر حملہ بلوچی اقدار کے خلاف ہے، نواب ثناء اللہ زہری

نواب ثناء اللہ زہری

ماخذ: این این آئی

ڈیرہ مراد جمالی، کوئٹہ (این این آئی) جھل مگسی کوٹڑہ کے قریب خلق شہید نواب نو روز خان زہری پر دوسرے روز بھی نا معلوم مسلح افراد کا حملہ توڑ پھوڑ کرنے اور قیمتی سامان اٹھا کر ساتھ لے گئے کسانوں و رہائشی پذید دیگر افراد کو نقل و مقانی کرکے علاقے خالی کرنے کی دھمکیاں دیکر فرار ہوگئے واقعے کی اطلاع پر نواب نیاز خان زہری پولیس اور بھاری سیکورٹی فورسز کے ہمراہ علاقے پہنچ گئے، سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا، سرچ آپریشن جاری پولیس کے مطابق جھل مگسی کے علاقے پولیس تھانہ کوٹڑہ کی حدود خلق شہید نواب نوروز خان زہری پر نا معلوم مسلح افراد جن کی تعداد درجنوں بھر بتائی جارہی ہے گزشتہ دو روز سے مسلسل مختلف اوقات میں حملہ آور ہوکر گھروں کی توڑ پھوڑ کرنے اور قمیتی سامان اٹھا کر لے جانے کی اطلاعات ہیں جبکہ اس دوران نا معلوم مسلح افراد نے مقامی بزگر کسانون و دیگر رہائشی افراد کو نقل و مکانی کرنے اور علاقے خالی کرنے کے لیے سنگین نتایج کی دھمکیاں بھی دیکر قریبی پہاڑی علاقوں میں فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مسلح افراد نے کوناڑو کھاری ودیگر علاقوں میں بھی گشت کیا اور اسنیپ چیکنگ کی واقعات کی اطلاع پر نواب نیاز خان زہری پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری کے ہمراہ خلق شہید نواب نوروز خان زہری پہنچ گئے سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ دریں اثناءپاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری نے ضلع جھل مگسی کے علاقے کوناڑو میں دہشت گردوں کی جانب سے شہید نواب نوروز خان زہری کی رہائش گاہ پر حملے، خواتین اور بچوں کو یرغمال بنانے اور لوٹ مار کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید نواب نوروز خان زہری جیسے نامور اور بلوچستان کے لیے قربانیاں دینے والے شخص کے گھر کو بھی نہیں بخشا گیا۔ اپنے بیان میں انھوں نے کہاکہ سوال یہ ہے کہ یہ کون سی اور کیسی تحریک ہے جو قومی احترام کی حامل شخصیات اور ان کے خاندانوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے؟ نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا کہ شہید نواب نوروز خان زہری صرف میرے نانا نہیں تھے بلکہ پورے بلوچستان میں انہیں عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ شہید نواب نوروز خان زہری نے اپنا گھر، قبیلہ اور زندگی بلوچ قوم کے لیے وقف کی، حتیٰ کہ ان کے خاندان نے بھی قومی جدوجہد میں قربانیاں دینے سے دریغ نہیں کیا۔ اس کے باوجود ان کی رہائش گاہ پر حملہ کرکے بلوچ روایات اور قومی اقدار کو پامال کیا گیا اس واقعے سے پوری بلوچ قوم کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ حملہ آوروں کو سوچنا چاہیے کہ وہ کس مقصد کے تحت ایسے گھروں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو پورے بلوچستان کے لیے قابل احترام ہیں سابق وزیراعلی نواب ثنائ اللہ زہری نے کہا کہ تحریک چلانے والے اور ایسی پالیسیاں بنانے والے عناصر کو اپنے طرز عمل پر غور کرنا چاہیے کہ ان کے نام پر باعزت اور باوقار خاندانوں کے گھروں پر حملے کیے جارہے ہیں خواتین اور بچوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرکے لوٹ مار کی جارہی ہے۔ ایسے اقدامات کسی بھی قومی تحریک یا جدوجہد کے دعووں سے مطابقت نہیں رکھتے بلکہ ان سے تحریک کے بجائے چوری اور لوٹ مار کا تاثر پیدا ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ شہید نواب نوروز خان زہری نے بلوچستان کے لیے بے مثال قربانیاں دیں اور ان کے خاندان نے بھی ہر مشکل وقت میں قربانیوں سے دریغ نہیں کیا۔ ایسے خاندان کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے مسائل حل ہونے کے بجائے بلوچ قوم میں مزید نفرتیں اور دوریاں جنم لیں گی۔