مسلح افراد کی فائرنگ سے حب میں بلدیہ ملازم، اوستا محمد میں ایک شخص جاں بحق

مسلح افراد کی فائرنگ

ماخذ: آن لائن

حب، اوستا محمد (آن لائن، آئی این پی) میونسپل کارپوریشن حب کے سینیٹری سپروائزر نیک محمد رند مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پیر کی صبح پولیس تھانہ بیروٹ کی حدود عدالت روڈ پر حاجیانی رضیہ مسجد کے قریب مبینہ مسلح ڈکیتوں نے سینیٹری سپروائزر نیک محمد رند پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی کو فوری طور پر جام غلام قادر سول اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گئے اور ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ نیک محمد رند کے قتل کے خلاف میونسپل کارپوریشن حب کے سینیٹری عملہ اور لواحقین نے شدید احتجاج کیا اور واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کیے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا۔ علاوہ ازیں سٹی پولیس تھانہ اوستا محمد کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے سعید لہڑی نامی شخص کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعہ اللہ آباد میں پیش آیا اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو ضروری کارروائی کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر قتل کی وجہ پرانی دشمنی بتائی جاتی ہے، تاہم واقعے کی اصل وجوہات اور قتل میں ملوث ملزمان کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔