تمبو میں مسلح افراد کا شبنم عمرانی کے گھر پر راکٹوں سے حملہ، تربت میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

شبنم عمرانی کے گھر پر راکٹوں سے حملہ

ماخذ: یو این اے

ڈیرہ مراد جمالی، تربت (این این آائی، یو این اے) تمبو گوٹھ مرحوم میر اللہ بخش عمرانی کے گھر پر نا معلوم مسلح افراد کا حملہ شدید، فائرنگ اور لانچر کے گولے داغے گئے، گھر کو شدید نقصان، دیواریں چھت میں سوراخ و دراڑیں پڑ گئیں، فرنیچر، الیکٹریشن کی اشیاءتباہ، جبکہ گھر میں موجود میڈم شبنم ان کی والدہ اور بہنیں محفوظ رہے، واقعے کی اطلاع پر پولیس اور سیکورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئے، حملہ آور رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق تمبو کے علاقے پولیس تھانہ منجھو شوریٰ کی حدود روپا پل گوٹھ مرحوم میر اللہ بخش عمرانی کے گھر پر گزشتہ نصف شب نا معلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے شدید فائرنگ و گولہ باری کی جس سے پورا علاقہ گونج اٹھا مسلح افراد نے ان کے بنگلے پر چاروں اطراف سے شدید فائرنگ کی اور لانچر کے گولے داغے جس سے بنگلے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، دیواریں کمرے اور چھت میں بڑے بڑے سوراخ اور دراڑیں پڑ گئیں، فرنیچر اور الیکٹرک اشیاءمکمل تباہ ہوگئیں پولیس کے مطابق میڈم شبنم عمرانی ان کی والدہ اور بہنیں واقعے میں محفوظ رہیں۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس اور سیکورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں، تاہم حملہ آور رات کی تاریکی میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ میڈم۔شبنم عمرانی نے اپنے اکاﺅنٹ پر واقعے کے بارے میں جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ وہ اللہ پاک کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتی ہیں وہ ان کی بہنیں والدہ ودیگر افراد محفوظ رہے ان کا کہنا تھاکہ انہوں نے اس دوران ایف سی نصیرآباد کے کرنل سے رابط کیا اور واقعے سے آگاہ کیا جس پر فوری طورپر سیکورٹی پہنچ گئی، ان کے بھی شکر گزار ہیں۔ دریں اثنا تربت کے علاقے سیٹلائٹ ٹان میں عائشہ مسجد کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہوشاپ کا رہائشی ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق مقتول دکان کے سامنے خریداری میں مصروف تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ مقتول کی شناخت دوشمبے ولد نامعلوم، سکنہ ہوشاپ کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے لاش ضروری قانونی کارروائی کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔