بلوچستان اسمبلی میں سرداری نظام کے خاتمے کی قرار داد 5 کے مقابلے میں 6 ووٹوں سے مسترد

بلوچستان اسمبلی

ماخذ: یو این اے

کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پنجگور کی ترقیاتی اسکیموں کے فنڈز، بارڈر ٹریڈ، 14 سالہ بندیہ کماری کی بازیابی، سرداری نظام کے خاتمے، سرکاری پرائمری اسکولوں میں عربی زبان کی تعلیم اور کوئٹہ سے سکھر فضائی آپریشن شروع کرنے سمیت مختلف اہم امور زیر بحث آئے۔ ایوان نے سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق قرارداد 5 کے مقابلے میں 6 ووٹوں سے مسترد جبکہ سرکاری پرائمری اسکولوں میں عربی زبان کی بنیادی تعلیم متعارف کرانے کی قرارداد منظور کرلی۔ کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس 16 نومبر تک ملتوی کردیا گیا۔جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کی زیر صدارت 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی چچی اور سینیٹر دنیش کمار کے بھتیجے کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔اجلاس میں رکن اسمبلی میر اسداللہ بلوچ نے پنجگور میں شہید چوک گرکمان سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر پر توجہ دلا نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں پر تقریبا 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، تاہم باقی 20 فیصد کام فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تعطل کا شکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان اسکیموں کے لیے صرف ایک سے دو فیصد فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ نے جواب دیا کہ پنجگور کی چار ترقیاتی اسکیموں کے فنڈز کے اجرا کے لیے محکمہ خزانہ کو خط لکھ دیا گیا ہے، تاہم صوبے کی تقریبا 300 ترقیاتی اسکیموں کو بھی فنڈز کی فراہمی کا مسئلہ درپیش ہے۔ بعدازاں توجہ دلا نوٹس نمٹا دیا گیا۔پوائنٹ آف آرڈر پر رکن اسمبلی شاہدہ رف نے کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کے بارڈر کھولنے سے متعلق بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی تجارت بلوچستان کے ہزاروں افراد کے روزگار کا ذریعہ ہے۔ حکومت بارڈر کھولنے سے متعلق بیانات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرے تاکہ سرحدی علاقوں کے عوام کو روزگار کے مواقع اور صوبے کو معاشی سرگرمیوں کا فروغ مل سکے۔اجلاس میں 14 سالہ بندیہ کماری کے مبینہ اغوا اور بازیابی کا معاملہ بھی شدت سے اٹھایا گیا۔ رکن اسمبلی اشوک کمار نے کہا کہ وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے اس معاملے پر اقلیتی ارکان اسمبلی کو اعتماد میں نہیں لیا اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے وہ مطمئن نہیں ہیں۔ اس موقع پر اشوک کمار اور سنجے کمار نے اسپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا جبکہ بندیہ کماری کی بازیابی کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔رکن اسمبلی سنجے کمار نے کہا کہ بندیہ کماری کے مبینہ اغوا کو 27 روز گزر چکے ہیں، حکومت فوری اقدامات کرتے ہوئے بچی کو عدالت کے سامنے پیش کرے یا والدین کے حوالے کیا جائے۔ صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی گھنانا فعل ہے، بلوچستان کے عوام اور حکومت اقلیتی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور بچی کے ساتھ ہونے والا ظلم بلوچ اور پشتون روایات کے منافی ہے۔اجلاس میں جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمان نے سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ 1976 کے سرداری نظام کے خاتمے کے قانون پر مثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کیونکہ صوبے کے بعض علاقوں میں آج بھی اس نظام کی باقیات کے تحت غیر قانونی اختیارات، جبری مشقت اور استحصال کا سلسلہ جاری ہے، جس سے شہریوں کے بنیادی حقوق، تعلیم، صحت اور انصاف تک رسائی متاثر ہورہی ہے۔قرارداد پر بحث کرتے ہوئے صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے اس کی حمایت کی اور کہا کہ تمام انسان برابر ہیں اور ہر شہری کو برابری کی بنیاد پر حقوق ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سرداری نظام کے منفی رویوں کے باعث خضدار میں اسما جتک کو انصاف کی فراہمی میں مشکلات پیش آئیں۔ رکن اسمبلی زرک خان مندوخیل نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ظالم سرداروں کے خلاف ہیں، تاہم بعض قبائلی شخصیات تعلیم، ترقی اور خوشحالی کے لیے مثبت کردار ادا کررہی ہیں۔علی مدد جتک نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان سرداری نظام کے حامی نہیں، تاہم معاشرے میں اچھے سردار بھی موجود ہیں۔ زابد ریکی نے کہا کہ وہ سرداروں کے نہیں بلکہ ظالم عناصر کے خلاف ہیں۔ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ بلوچستان کو پسماندہ رکھنے والے ہر نظام کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا، تاہم تمام سرداروں اور نوابوں کو ایک ہی نظر سے نہیں دیکھا جاسکتا۔اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی ظالم یا قاتل کی حمایت نہیں کرتے اور ہمیشہ ظلم و بربریت کے خلاف رہے ہیں۔ انہوں نے نواب اسلم رئیسانی کی جانب سے بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ دلانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسما جتک کے معاملے میں خضدار میں ان کے بھتیجے نے جان قربان کی جبکہ جمعیت علمائے اسلام اور ان کے خاندان نے بھی قربانیاں دی ہیں۔بعدازاں قرارداد پر رائے شماری ہوئی، جس میں حق میں 5 جبکہ مخالفت میں 6 ارکان نے ووٹ دیا، یوں سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق قرارداد مسترد کردی گئی۔ایوان میں رکن اسمبلی شاہدہ رف نے سرکاری پرائمری اسکولوں میں عربی زبان کی بنیادی تعلیم لازمی مضمون کے طور پر متعارف کرانے کی قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں نصاب کے اندر عربی کے بنیادی الفاظ، قواعد اور قرآنی الفاظ کے معانی شامل کرنے کے ساتھ تربیت یافتہ اساتذہ اور معیاری درسی کتب کی فراہمی کی سفارش کی گئی۔سابق وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عربی زبان کے ساتھ بلوچستان کی مقامی مادری زبانوں کو بھی نصاب میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے 2013 میں مادری زبانوں میں تعلیم سے متعلق منظور ہونے والے قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔ رکن اسمبلی کلثوم بلوچ نے بھی مادری زبانوں کو نصاب کا حصہ بنانے کی حمایت کی۔صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں قرآن پاک ناظرہ اور ترجمے کے ساتھ پڑھایا جارہا ہے اور عربی کو نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔ حکومت مادری زبانوں میں تعلیم شروع کرنے کی بھی کوشش کررہی ہے، تاہم اس سلسلے میں وسائل اور دیگر مسائل درپیش ہیں۔ بعدازاں ایوان نے عربی زبان کی بنیادی تعلیم متعارف کرانے سے متعلق قرارداد منظور کرلی۔اجلاس میں خواتین ارکان اسمبلی کی مشترکہ قرارداد رکن اسمبلی شہناز عمرانی نے پیش کی، جس میں کوئٹہ سے سکھر کے درمیان فضائی آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی شاہراہوں کو محفوظ بنایا جائے تاکہ شہریوں کو فضائی سفر کی ضرورت کم پیش آئے اور زمینی سفری سہولیات بہتر ہوسکیں۔بعدازاں اجلاس کے دوران کورم کی نشاندہی کی گئی۔ پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجانے کے باوجود کورم پورا نہ ہوسکا، جس پر ڈپٹی اسپیکر نے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 16 نومبر تک ملتوی کردیا۔