پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا مقصد ہے، ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچنا چاہیے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

فیلڈ مارشل عاصم منیر

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

اسلام آباد (ویب ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔ اسلام آباد میں جاری منرلز فورم سے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ معدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچنا لازم ہے، معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے، ہمارا مقصد صرف خام مال برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک پوری ویلیو چین کو تیار کرنا ہے۔ فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ ہم ایسی طویل مدتی شراکت داری پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کیلئے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں جن میں خوابوں کو تعبیر میں بدلنے کی زبردست صلاحیت موجود ہے، ہمارے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ نتائج کے حصول کیلئے ہمارے لوگ طاقت اور عزم کا سر چشمہ ہیں، ہمیں صلاحیت سے پیداوار کی طرف، وعدوں سے عمل کی طرف اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ کی طرف بڑھنا ہوگا۔