اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
راولپنڈی، پشاور (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی موزک گاﺅں میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں مساجد میں قائم فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گرد ٹھکانے کلیئر کردیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی موزک گاﺅں میں 8 نومبر کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے مساجد میں اپنے ٹھکانے قائم کر رکھے تھے، جہاں دھماکہ خیز مواد بھی ذخیرہ کیا گیا تھا۔ دہشت گرد ان مقامات سے تشدد کے مراکز بھی چلا رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عبادت گاہوں کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات سے بے اعتنائی کا واضح ثبوت ہے، افغان طالبان کی پشت پناہی سے سرگرم ان خارجی دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، ان کی جانب سے مذہب کی من پسند تشریح اور غلط استعمال ناقابل قبول ہے، خیبر پختونخوا اور پاکستان کے عوام اس طرز عمل کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد میں دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنا اسلام اور مقدس مقامات کی بے حرمتی ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ فتنہ الخوارج نے مساجد کو دہشت گردی اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا، مساجد میں ایسی سرگرمیاں انتہائی افسوس ناک ہیں۔
