اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
لاہور (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ملک سے باہر ہے اور ان پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ملک سے باہر ہے، ان سے ہمارا رابطہ ہے اور نہ ہی ان پر ہمارا کوئی کنٹرول ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علیمہ خان کا غریب ڈرائیور بغیر کسی جرم کے جیل میں پڑا ہے، آج ہم ایک بار پھر عدالت میں انصاف لینے آئے ہیں، آج کہنے پر مجبور ہیں کہ یہ عمارتیں، یہ قانون ایک جھانسہ ہے، اگر یہ سب مل کر ایک قیدی تک رسائی نہیں دلوا سکتے تو ان کا کیا فائدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں بنیادی حقوق ہیں مگر وہ حقوق آج کہاں ہیں، بغیر جرم کے کالے قانون کے تحت بےگناہ بھی مجرم ہیں، ہم عدالتوں میں اس لیے آتے ہیں کہ قوم کو جھنجھوڑتے رہیں، 26 ویں آئینی کے ترمیم کے تحت سب آزادیاں ختم ہوچکی ہیں۔ سلمان اکرم نے مزید کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے بغیر 28 ویں ترمیم سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے۔
