چاغی دو حصوں میں تقسیم، نیا ضلع قائم، ماشکیل کو واشک سے الگ کردیا گیا

چاغی دو حصوں میں تقسیم

ماخذ: این این آئی

کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان کے ضلع چاغی کو دو حصوں میں تقسیم کر کے نیا ضلع قائم جبکہ ضلع واشک کی حد بندی میں تبدیلی کردی گئی ۔ گورنر بلوچستان کے حکم سے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق ضلع چاغی کو دو حصوں میں تقسیم کر کے ویسٹرن چاغی کے نام سے نیا ضلع قائم کردیا گیا ہے جس کا ہیڈکوارٹر نوکنڈی میں ہوگا جبکہ ضلع سب ڈویژن تفتان اور ماشکیل پر مشتمل ہوگا، نئے ضلع میں تحصیل تفتان ، تحصیل ماشکیل اور تحصیل نوکنڈی شامل ہیں جبکہ ضلع چاغی کا ہیڈکوارٹر دالبندین میں ہوگا جبکہ سب ڈویژن دالبندین اور چاغی پر مشتمل ہوگا جس میں تحصیل دالبندین ، تحصیل چاغی، تحصیل یک مچ، سب تحصیل چارسر شامل ہونگی ۔ نوٹیفیکشن کے مطابق ماشکیل کو واشک سے الگ کر کے نو تخلیق کر دہ ضلع ویسٹرن چاغی میں شامل کردیا گیا ہے اب ضلع واشک سب ڈویژن واشک، بسیمہ ،ناگ اور تحصیل واشک، بسیمہ ،ناگ اور سب تحصیل شاہو گوری پر مشتمل ہوگا ۔