وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے یتیم بچے سمیت پانچ بہن بھائیوں اور ان کی والدہ کی کفالت کی ذمہ داری اٹھا لی

سرفراز بگٹی یتیم بچے کفالت

ماخذ: این این آئی

کوئٹہ (این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے ذریعے توجہ حاصل کرنے والے ڈھابے پر کام کرنے والے یتیم بچے منیر احمد سمیت پانچ بہن بھائیوں اور ان کی والدہ کی مکمل کفالت کی ذمہ داری اٹھا لی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سے منیر احمد نے ملاقات کی، جس کے دوران میر سرفراز بگٹی نے بچوں کی مشکلات اور حالاتِ زندگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ان کی بہتر تعلیم و تربیت اور محفوظ مستقبل کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے منیر احمد، اس کے چھوٹے بھائی اور تینوں بہنوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ مناسب رہائش اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں تاکہ وہ گھریلو مسائل اور معاشی مشکلات سے آزاد ہو کر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ میر سرفراز بگٹی نے پانچوں بچوں اور ان کی والدہ کی کفالت کی ذمہ داری خود اٹھاتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ خاندان کی ضروریات کا خیال رکھا جائے اور بچوں کی تعلیم، رہائش اور فلاح و بہبود کے لیے مو¿ثر اقدامات یقینی بنائے جائیں اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے عملے کے ذریعے ذاتی اخراجات سے بچوں کو موسم سرما کے لیے گرم کپڑوں اور دیگر ضروری اشیا کی خریداری بھی کروائی۔ اس اقدام کا مقصد بچوں کو سرد موسم میں درکار بنیادی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معاشرے کے بے سہارا اور ضرورت مند بچوں کی تعلیم، تربیت اور بہتر زندگی کے مواقع کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔