ماخذ: یو این اے
کوئٹہ (یو این اے) سینئر سیاست دان اور بلوچستان کے سابق گورنر نواب ذوالفقار علی مگسی نے خان آف قلات آغا سلیمان داﺅد احمد زئی کے صاحبزادے پرنس محمد احمد زئی کے اغوا پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد اور بحفاظت بازیابی پر زور دیا ہے۔ نواب ذوالفقار علی مگسی نے کہا کہ خان آف قلات خاندان بلوچستان کی تاریخ، سیاست اور سماجی روایات میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور اس خاندان نے طویل عرصے تک ریاستِ قلات پر حکمرانی کی ہے۔ ان کے مطابق اس تاریخی اور سیاسی پس منظر کے پیش نظر پرنس محمد احمد زئی کے اغوا کا واقعہ باعث تشویش ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ پرنس محمد احمد زئی کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں اور معاملے پر فوری توجہ دیتے ہوئے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے۔ سابق گورنر بلوچستان نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ ادارے اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھیں گے اور پرنس محمد احمد زئی کی جلد بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کے لیے موثر کردار ادا کریں گے۔
