راولپنڈی، ٹی 20 کرکٹ سیریز، پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیکر برتری حاصل کرلی

راولپنڈی، ٹی 20 کرکٹ سیریز

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔ اتوار کو راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے تاہم 216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز ہی بناسکی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔ معاذ صداقت نے51 گیندوں پر 96 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور7 چھکے شامل تھے۔کپتان صاحبزادہ فرحان نے 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے44 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ فخر زمان نے 22 اور حسن نواز نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا، تھیکشانا اور داسن شناکا نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ 216 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اووز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بناسکی۔ سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشانا نے 32، چمندو وکرما سنگھے نے 29 ،کمیندو مینڈس نے23 اور سنتھ جے سوریا نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے عمران رندھاوا نے 3 اور سلمان مرزا نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ صائم ایوب اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔