اورناچ میں رقم کا تنازع، اوستہ محمد، دالبندین میں فائرنگ، خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق، 2 زخمی

اورناچ اوستہ محمد، دالبندین فائرنگ

ماخذ: این این آئی

خضدار، ڈیرہ مراد جمالی، دالبندین ( این این آئی، آن لائن) خضدار کے علاقے اورناچ میں رقم کے لین دین کے تنازعہ پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت خدا بخش ولد سفر خان اور اشفاق ولد خدا بخش کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جبکہ زخمیوں میں فدا حسین ولد خدا بخش اور ذریف ولد یار محمد شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان رقم کے لین دین پر تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے فائرنگ میں بدل گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں و زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد خضدار ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں اوستہ محمد زورگڑھ کے علاقے میں گھر میں فائرنگ سے ایک خاتون سمیت دو افراد قتل ملزمان فرار ہوگئے پولیس کے مطابق اوستہ محمد پولیس تھانہ زور گڑھ کے علاقے گوٹھ پیارو خان میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون اور مرد قتل کردیے گئے جبکہ واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ کر لاشیں اپنی تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کردی جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئی جبکہ واقعے کی مذید تحقیقات زور گڑھ پولیس کر رہی ہے دریں اثناء دالبندین میں مبینہ طور پر بھائی کی فائرنگ سے بھائی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بھائی نے اپنے چھوٹے بھائی محمد رفیق پر فائرنگ کرکے اسے شدید زخمی کردیا تھا۔زخمی محمد رفیق کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے باوجود وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں، جبکہ مبینہ قاتل بھائی کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔