اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
کوئٹہ (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ گڈانی کی شپ بریکنگ انڈسٹری کو محفوظ، ماحول دوست اور عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانا بلوچستان حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔اپنے ایکس پر جاری بیان میں میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (IMO) کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو گڈانی شپ ری سائیکلنگ یارڈز آمد پر خوش آمدید کہا گیا۔ اس موقع پر شپ ری سائیکلنگ میں ہونے والی پیش رفت، کارکنوں کی صحت و سلامتی، ماحولیاتی تحفظ اور گڈانی شپ یارڈز کو ہانگ کانگ کنونشن کے تحت گرین اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ میر ظہور بلیدی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی تعاون کے ذریعے گڈانی کی شپ بریکنگ انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مزدوروں کے لیے محفوظ کام کے ماحول، ماحولیاتی معیارات کی بہتری اور شپ ری سائیکلنگ کے شعبے میں عالمی تقاضوں کو پورا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گڈانی شپ بریکنگ انڈسٹری پاکستان کے بلیو اکانومی اور میری ٹائم سیکٹر کا اہم حصہ بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، جسے موثر اقدامات اور جدید ماحولیاتی و حفاظتی معیارات کے ذریعے مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔
