اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے ہم مذاکرات سے انکار نہیں کر رہے لیکن غیر مشروط مذاکرات ہونے چاہئیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا ملک و قوم اور جمہوریت کے لیے مذاکرات کا کامیاب ہونا ناگزیر ہے، گورنر راج یا ایمرجنسی نہیں لگنی چاہیے، صوبہ دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، بانی پی ٹی آئی کےساتھ ملاقاتوں سمیت گرفتار رہنماﺅں کو رہا کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے ڈاکٹر لندن سے نہیں بلایا گیا، وہ لاہور میں بھی ہوتا ہے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا وزیراعظم نے مذاکرات کی مشروط پیشکش کی ہے، حکومت ہم پر قدغنیں لگا رہی ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں، سیاسی لوگ غیر مشروط طور پر بیٹھتے ہیں، مذاکرات سے انکار نہیں کیا لیکن غیر مشروط مذاکرات ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا حکومت نے باہر نکل کر اندر والی چیزیں ڈسکس کیں، جتنا وقت پریس کانفرنسز پر لگایا اتنا وقت مذاکرات پر لگایا ہوتا تو مسئلہ حل ہو جاتا، حکومتی ارکان سے رابطے ہیں اور کوشش ہے کہ مسائل کا حل بات چیت سے نکالا جائے۔
