اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کا بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج۔ دفتر خارجہ کے مطابق بیڈیاں سیکٹر میں بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے 2 پاکستانی شہریوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا جس پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ دفترخارجہ نے بھارتی فورسز کی نہتے شہریوں پر فائرنگ کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے جاں بحق شہریوں کو ’درانداز‘ قرار دینے کی بھارتی کوشش بھی مسترد کردی اور کہا کہ واقعہ بنیادی انسانی حقوق اور حق زندگی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے بھارت نے فائرنگ کے واقعے کی فوری، شفاف اور قابل اعتماد تحقیقات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو تھمائے گئے مراسلے میں کہا کہ بھارت تحقیقات کے نتائج اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی سے پاکستان کو آگاہ کرے، بھارت بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کا احترام یقینی بنائے اور سرحدی معاملات میں زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرے، بھارت ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بھی موثر اقدامات کرے۔
