کراچی (ویب ڈیسک) صومالیہ کی میری ٹائم پولیس نے آنر 25 نامی آئل ٹینکر کو قزاقوں کے قبضے سے بازیاب کروالیا۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران صومالی قزاقوں نے فائرنگ کرکے 3 پاکستانی، ایک بھارتی اور ایک میانمار کے شہری کو قتل کردیا جبکہ قزاقوں کی فائرنگ سے 4 پاکستانی شہری زخمی بھی ہوئے۔ اس سے قبل صومالی حکام کا کہنا تھا کہ صومالیہ کے علاقے پنٹ لینڈ میں آئل ٹینکر ’آنر 25‘ کے عملے کے 5 ارکان کو قزاقوں نے قتل کیا جبکہ سیکورٹی فورسز نے 9 قزاقوں کو گرفتار کرلیا۔ صومالی حکام کے مطابق اپریل میں ہائی جیک کیا گیا پالاﺅ کا پرچم بردار آئل ٹینکر ایندھن لے کر جارہا تھا، ہائی جیکنگ کے وقت ‘آنر 25’ پر 18 ہزار 500 بیرل تیل لدا ہوا تھا۔ دوسری جانب صومالیہ کی میری ٹائم پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صومالیہ کے نیم خود مختار علاقے ‘پنٹ لینڈ’ کی میری ٹائم پولیس فورس کے اہلکاروں نے ایم ٹی آنر 25 پر کارروائی کی اور عملے کے 17 ارکان کو ریسکیو کرلیا۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بحری اور زمینی دستوں نے یہ آپریشن ضلع بندر بیلا کے علاقے دھرین بار میں کیا۔ خیال رہے کہ آئل ٹینکر ’آنر 25‘ کے عملے میں 10 پاکستانی بھی شامل تھے۔
صومالی فورسز نے آئل ٹینکر بازیاب کروالیا، قزاقوں کی فائرنگ سے 3 پاکستانی سمیت 5 افراد جاں بحق
