کراچی (ویب ڈیسک) آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے قتل کے لیے مدد لینے والے دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان نوجوانوں سے متعلق معلومات اے آئی چیٹ بوٹ نے ایف بی آئی کو دی جس نے پاکستانی حکام تک معلومات پہنچائی۔ مقامی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے جانے والے دونوں افراد جرائم سے متعلق ڈرامہ دیکھتے تھے، ایک کا تعلق بہاولپور اور دوسرے کا کراچی سے تھا۔ دونوں لڑکے امریکی کرائم ڈرامے دیکھنے کے شوقین تھے، دونوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں تھا لیکن منصوبہ بندی اپنی اپنی کی ہوئی تھی۔ بہاولپور سے تعلق رکھنے والا ایک لڑکا اپنے باپ کو قتل کرنے کو تیار ہوگیا، وہ ڈرامہ سیریز ‘بریکنگ بیڈ’ کے کردار سے متاثر تھا جو گھر پر زہر بناکر قتل کیا کرتا تھا، اس لڑکے نے بھی کچھ ایسا ہی کیا، اور اسی سلسلے میں وہ چیٹ بوٹ ‘کلاڈ’ سے سوالات کرتا تھا۔ کلاڈ نے جب اس قسم کے سوالات دیکھے کہ وہ اپنے باپ کو قتل کرنا چاہتا ہے اور کیمیکلز کی مقدار میں کمی بیشی سے متعلق پوچھ رہا ہے تو کلاڈ کی کمپنی نے ایف بی آئی کو مطلع کیا۔ بعدازاں جب اس لڑکے کے والدین سے تفتیش کی گئی تو انہوں نے اپنے بیٹے کو معاف کردیا۔ دوسری جانب کراچی سے تعلق رکھنے والے لڑکے کے ساتھ بھی اسی قسم کی صورتحال درپیش تھی، ایک لڑکا چیٹ بوٹ سے بات چیت کر رہا ہے کہ پولیس افسر کے بیٹے نے میرے باپ کی بے عزتی کی ہے، اسی لیے میں اس سے بدلہ لے کر اسے قتل کرنا چاہتا ہوں۔ یہ لڑکا سیریز ‘ڈیکسٹر’ کے مرکزی کردار سے متاثر تھا، اس کی منصوبہ بندی میں پولیس افسر کے بیٹے کو اٹھا کر گٹر میں پھینکنا شامل تھا، یہ بھی چیٹ بوٹ کلاڈ سے سوالات کررہا تھا، جس نے آگے رپورٹ کیا۔ دوران تفتیش اس لڑکے نے پولیس کو بیان دیا کہ میں تو ذہن میں صرف کہانی بنا رہا تھا، میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
اے آئی چیٹ بوٹ سے قتل کے لیے مدد لینے والے دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا
