دکی میں مسلح افراد کا تعمیراتی کمپنی پر حملہ، مشینری نذر آتش، 12 مزدور اغوا کرلیے گئے

دکی

دکی (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے نانا صاحب زیارت پلڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر حملہ کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 40 سے 45 کے قریب مسلح افراد نے ایس ایم سی کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر دھاوا بولا، فائرنگ کے نتیجے میں کمپنی کا ایک سیکورٹی گارڈ موقع پر جاں بحق جبکہ ایک راہگیر سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے مزدوروں کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد 12 مزدوروں کو اغوا کر کے اپنے ہمراہ لے گئے۔ اغوا ہونے والے مزدوروں میں 10 کا تعلق صوبہ پنجاب، ایک کا مقامی علاقے اور ایک کا تعلق خیبر پختونخوا سے بتایا جاتا ہے۔ حملہ آور جاتے ہوئے کیمپ میں موجود بھاری مشینری اور چار گاڑیوں کو بھی نذر آتش کرگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن اور واقعہ کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔