ضلعی انتظامیہ سوراب کا کھاد کی فروخت اور بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کا اعلان

کھاد کی فروخت

سوراب (رپورٹ: ابوبکر دانش میروانی بلوچ) اسسٹنٹ کمشنر سوراب کی جانب سے ضلع میں کھاد کی دستیابی، ذخیرہ، ترسیل، فروخت، لائسنسنگ، مقررہ نرخوں پر فراہمی اور بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ محکمہ زراعت ایکسٹینشن حکومت بلوچستان کی تحریری ہدایات کی روشنی میں جاری کیے گئے عوامی اطلاع نامے میں کھاد کے ڈیلرز، گودام مالکان، زمینداروں اور کاشتکاروں کو مقررہ ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق ضلع سوراب میں کھاد کی دستیابی، اسٹاک، ترسیل اور فروخت کے نظام کی باقاعدہ مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے، جبکہ لائسنسنگ اور ٹریکنگ و ٹریسنگ سسٹم کے تحت کھاد کی نقل و حرکت اور دستیابی پر بھی نظر رکھی جائے گی۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کھاد کے کاروبار کے لیے متعلقہ حکام سے باقاعدہ لائسنس کا حصول لازمی ہے، جبکہ بغیر لائسنس کھاد کی خرید و فروخت یا کاروبار کو غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔ انتظامیہ کی جانب سے تمام کھاد ڈیلرز اور گودام مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے پاس موجود کھاد کے اسٹاک کا مکمل، درست اور تازہ ریکارڈ مرتب رکھیں، تاکہ معائنے کے موقع پر متعلقہ ریکارڈ انتظامیہ یا مانیٹرنگ ٹیم کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ ریکارڈ میں کسی قسم کی بے ضابطگی، چھپانے یا غلط معلومات فراہم کرنے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اعلامیے میں ڈیلرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کھاد صرف مجاز ڈیلرز سے خریدیں اور کسانوں و کاشتکاروں کو حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق ہی فروخت کریں۔ مقررہ قیمت سے زائد رقم وصول کرنے، مصنوعی قلت پیدا کرنے، ذخیرہ اندوزی یا بلیک مارکیٹنگ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے زمینداروں اور کاشتکاروں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ کھاد صرف مجاز ڈیلرز سے خریدیں اور ہر خریداری کی باقاعدہ رسید ضرور حاصل کریں۔ انتظامیہ کے مطابق رسید کا حصول نہ صرف خریداری کا ثبوت فراہم کرتا ہے بلکہ کھاد کی قیمتوں اور دستیابی کے نظام میں شفافیت برقرار رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ کسانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کوئی ڈیلر مقررہ نرخوں سے زائد قیمت طلب کرے، کھاد کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کرے یا بلیک مارکیٹنگ میں ملوث پایا جائے تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا محکمہ زراعت کو اطلاع دی جائے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر سوراب اور متعلقہ مانیٹرنگ ٹیمیں ضلع بھر میں کھاد کے ڈیلرز اور گوداموں کی اچانک چیکنگ کریں گی۔ اس دوران کھاد کا اسٹاک، خرید و فروخت کا ریکارڈ، لائسنس، نرخ نامہ اور دیگر متعلقہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں لائسنس کی منسوخی، بھاری جرمانہ اور قید سمیت دیگر قانونی اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کسانوں کو کھاد کی مقررہ نرخوں پر بروقت اور شفاف فراہمی یقینی بنانا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت، منافع خوری، ذخیرہ اندوزی یا بلیک مارکیٹنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتظامیہ نے ضلع سوراب کے تمام کھاد ڈیلرز، گودام مالکان، زمینداروں اور کاشتکاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات اور مقررہ ضوابط پر مکمل عمل درآمد کریں اور کھاد کی شفاف، منصفانہ اور مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔