ہرنائی (ویب ڈیسک) فیلڈر گاڑی چوری کیخلاف مالکان کا احتجاج، باب دکی کے مقام پر مین روڈ بند، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ گزشتہ شب فیلڈر گاڑی چوری ہونے کے واقعے کیخلاف فیلڈر گاڑیوں کے مالکان نے باب دکی کے مقام پر احتجاج کرتے ہوئے مین روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا جس کے باعث سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب عطا محمد ولد اختر محمد کی فیلڈر گاڑی چوری ہوئی جس کے بعد فیلڈر گاڑی مالکان میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ چوری شدہ گاڑی کی فوری بازیابی کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں اور واردات میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ متاثرہ گاڑی کے مالک عطا محمد نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چوری شدہ گاڑی کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ احتجاج کے باعث مین روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے مسافروں اور دیگر شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مسافر گاڑی کی چوری کیخلاف ٹرانسپورٹرز کا احتجاج، باب دکی کے مقام پر مظاہرین نے مین روڈ بند کردیا
