دنیا میں کچھ بھی ہو، پاکستان سے تعلقات مضبوط کریں گے، قائم مقام چینی قونصل جنرل

قائم مقام چینی قونصل جنرل

کراچی (ویب ڈیسک) قائم مقام چینی قونصل جنرل فینگ دیہنگ کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان ایک ایسے اچھے ہمسائے ہیں جو پہاڑوں اور دریاﺅں سے جڑے ہیں، دنیا میں کچھ بھی ہو، پاکستان سے تعلقات مضبوط کریں گے۔ فینگ دیہنگ نے یہ بات عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ چین کے کراچی میں قونصل خانہ میں منعقد اس تقریب میں گورنرسندھ نہال ہاشمی، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، سیاسی رہنما اور کاروباری شخصیات شریک تھیں۔ گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے بطور مہمان خصوصی خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں ثابت قدم رہی ہے، سی پیک پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا عملی مظہر ہے۔ پاک چین تعاون اب انفرا اسٹرکچر سے آگے صنعت، ٹیکنالوجی، زراعت اور جدت تک پھیل رہا ہے اور پاک چین مضبوط دوستی خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے بھی اہم ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سی پیک نے رابطوں، توانائی، صنعت اور بنیادی ڈھانچے کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کیا ہے۔ سندھ میں توانائی، بندرگاہوں، صنعت اور زراعت سمیت کئی شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، حکومت سندھ چاہتی ہےکہ قابل تجدید توانائی اور جدید شہری ترقی میں تعاون مزید بڑھایا جائے۔