اسلام آباد (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے حالیہ بڑے واقعات کے بعد سیکورٹی فورسز نے کوہاٹ، ہنگو اور ٹل میں انٹیلی جینس بیسڈ گراﺅنڈ آپریشنز جبکہ افغان سرحدی علاقے میں فضائی کارروائیاں کی ہیں جس میں مجموعی طور پر بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج اور اس سے وابستہ 37 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 20 ستمبر کو کوہاٹ اور ہنگو میں گراﺅنڈ آپریشن کیا۔ اس ٹارگٹڈ کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 خوارج ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ افغانستان کے ساتھ ملحقہ سرحدی علاقے میں بھی دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائیاں کی گئیں۔ ان کارروائیوں میں خودکش بمباروں کے تربیتی مرکز سمیت دہشت گردوں کے 3 اہم ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ وزارت اطلاعات کے مطابق افغان سرحدی علاقے میں کی گئی فضائی کارروائی کے نتیجے میں 28 دہشت گرد مارے گئے ہیں جبکہ نشانہ بننے والے مراکز میں موجود اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔
افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقے میں فورسز کی کارروائی میں 28 دہشتگرد ہلاک، وفاقی وزارت اطلاعات
