ماخذ: آئی این پی
جھل مگسی (آئی این پی) تحصیل گنداواہ کے علاقے کھاری میں ہائی اسکول کے چپڑاسی کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا، جس کی لاش گھاترہ کے قریب کوٹڑہ سے برآمد ہوئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتول عبدالرشید دیناری کو گزشتہ روز مسلح افراد نے اسکول سے اغوا کیا تھا، بعدازاں انہیں قتل کر دیا گیا۔ ان کی لاش گھاترہ کے قریب کوٹڑہ سے برآمد ہوئی۔ ہائی اسکول کے چپراسی کے اغوا اور قتل کے واقعے پر علاقے کے لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں ضلع جھل مگسی کی تحصیل گنداواہ کے علاقے کھاری میں واقع ہائی اسکول سے چند روز قبل پراسرار طور پر اغوا کیے گئے مولوی صادق علی کے ضعیف والد صوفی لیاقت علی اور بوڑھی والدہ نے ہاتھوں میں مقدس قرآنِ پاک اٹھا کر اپنے بیٹے کی فورا بحفاظت رہائی کی درد بھری اپیل کی ہے۔گنداواہ شہر سے تعلق رکھنے والے مغوی کے والدین نے میڈیا اور تمام معززین کے سامنے شدید رقت آمیز انداز میں فریاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کو خدارا بحفاظت رہا کر کے ان کا گھر اجڑنے سے بچایا جائے۔ انہوں نے روتے ہوئے کہا کہ ان کے بڑھاپے، ایک ماں کی ممتا اور معصوم و بے بس بچوں کی حالتِ زار پر رحم کھایا جائے اور ان کے بے گناہ بیٹے کو رہا کر کے ان کے گھر کی اجڑی ہوئی خوشیاں لوٹائی جائیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل ہائی اسکول کھاری سے مغوی مولوی صادق علی کے اغوا کے بعد سے علاقے میں سخت تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ ان کے اہل خانہ اور بقیہ لواحقین شدید غم و غصے اور ذہنی کرب میں مبتلا ہیں۔
