کوئٹہ، مستونگ (این این آئی) کوئٹہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بدھ کو کوئٹہ کے علاقے خلجی کالونی علی زئی اسٹریٹ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار محمد عباس کو شہید کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ تھانہ شہید عبدالخالق کے عملے نے موقع پر پہنچ کر لاش کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئی۔ پولیس مزیدکارروائی کررہی ہے۔ دریں اثناءشہید ہونے والے پولیس اہلکار محمد عباس کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نمازِ جنازہ میں آئی جی بلوچستان محمد طاہر سمیت دیگر اعلیٰ و سینئر پولیس افسران اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔ علاوہ ازیں مستونگ کے علاقے کلی خواصام میں ایک کمسن معصوم بچی گھر کے ٹیوب ویل میں گر گئی، جسے تقریباً تین روز گزرنے کے باوجود تاحال ریسکیو نہیں کیا جاسکا۔مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی کو ٹیوب ویل سے نکالنے کی بھرپور کوششیں کیں، تاہم تمام تر کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں۔بچی کے والدین نے کمشنر قلات ڈویڑن، ڈپٹی کمشنر مستونگ اور دیگر اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کرکے ان کی بچی کو ٹیوب ویل سے نکالا جائے۔ والدین کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین روز سے وہ شدید کرب اور اذیت میں مبتلا ہیں، لہٰذا حکام فوری اقدامات کرتے ہوئے بچی کو ریسکیو کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔
کوئٹہ، فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید، مستونگ، کنویں میں گرنے والی بچی کو نہیں نکالا جاسکا
