جھل مگسی میں ریسٹ ہاﺅس پر حملہ، 3 حملہ آور ہلاک، متعدد زخمی، نورانی اور بھاگ میں جھڑپیں

جھل مگسی میں ریسٹ ہاﺅس پر حملہ

ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی) جھل مگسی میںنواب مگسی ریسٹ ہاﺅس پر مسلح افراد کا حملہ ناکام بنادیا گیا، شدید فائرنگ سے تین حملہ آور مارے گئے، متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات جبکہ نورانی میں مسلح افراد کی موجودگی پر سیکورٹی فورسز پولیس کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری۔ پولیس کے مطابق ضلع جھل مگسی نفور میں نواب ذوالفقار علی مگسی کے نجی ریسٹ ہاﺅس پر مسلح افراد کے حملے کو تشکیل دیے گئے مقانی قبائل پر مشتمل امن فورس، پولیس، سیکورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا جبکہ شدید فائرنگ کی جھڑپوں میں مبینہ طورپر تین حملہ آور ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس کے مطاپق نفور پولیس تھانہ کوٹڑہ پر فائرنگ کاسلسلہ رک چکا ہے اور واقعے میں مرنے والے حملہ آور اور زخمیوں کو انکے ساتھی اٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق جھل مگسی کے علاقے نورانی میں مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے، علاوہ ازیں کچھی کے علاقے بھاگ ناڑی میں بھی مسلح افراد اور پولیس و سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید فایرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ شدید فائرنگ سے بھاگ شہر کے بازار اور مارکیٹ بند ہوگئے اور مقامی افراد اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ اس سلسلے میں اب تک کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔