خضدار، سونارو واقعے پر وزیراعلیٰ سے منسوب برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ قابل مذمت ہے، بابر یوسفزئی

بابر یوسفزئی

کوئٹہ (یو این اے) معاون خصوصی برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے خضدار کے علاقے سونارو میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق بی بی سی اردو کی رپورٹ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی بی سی اردو کی ویب سائٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر اور توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے بی بی سی اردو کی رپورٹ کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان گزشتہ روز سینئر صحافیوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کررہے تھے اور وہ خود بھی اس اجلاس میں موجود تھے، تاہم وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران ایسی کوئی بات نہیں کی جو رپورٹ میں پیش کی گئی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ خضدار کے ایک واقعے سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے تفصیل سے بتایا کہ دہشتگرد کس طرح گرے ایریا میں آکر دہشتگردی کی کارروائیاں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عوام کو نقصان پہنچاتے ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز کے لیے عوام کی حفاظت پہلی ترجیح ہے۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ عوام اب دہشتگرد عناصر کی حمایت نہیں کرتے اور سیکورٹی فورسز عوام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جس کے باعث اصل موقف کے بارے میں غلط تاثر پیدا ہوا۔ انہوں نے بی بی سی اردو سے متعلق رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حقائق کو مکمل تناظر کے ساتھ پیش کیا جانا چاہیے۔