کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان ہائیکورٹ نے بلوچستان بار کونسل کی جانب سے 2 اپریل 2026ءکے بعد جاری کیے گئے تمام پریکٹس لائسنس غیر موثر قرار دیے گئے ہیں۔ ان لائسنسوں کی بنیاد پر حاصل کردہ پیشہ ورانہ تجربہ، تجربہ سرٹیفکیٹس اور دیگر متعلقہ دستاویزات قابلِ قبول یا قابلِ اعتبار نہیں ہوں گی۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے لارجر بینچ کے 3 اگست 2026ءکے اہم حکم (آئینی درخواست نمبر 471/2026) کی روشنی میں انتظامی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ تمام سیشن ڈویژنز، ٹرائل کورٹس، خصوصی عدالتوں کے علاوہ مرکزی و صوبائی ٹربیونلز کے جوڈیشل اور پریزائیڈنگ افسران کو سرکولیٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے تمام متعلقہ عدالتی فورمز کو لائسنسوں اور تجربہ سرٹیفکیٹس کے معاملے میں اس عدالتی حکم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ بلوچستان بار کونسل کے سیکرٹری کو حکم دیا گیا ہے کہ نئے اندراج کے تمام زیرِ التوا کیسز، بشمول وہ کیسز جو تاحال پیش نہیں ہو سکے، اگلے 15 ایام کے اندر متعلقہ انرولمنٹ کمیٹیوں کے سامنے پیش کیے جائیں تاکہ ان پر قانون اور مقررہ اصولوں کے مطابق کارروائی مکمل کی جا سکے۔
بلوچستان ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ 2 اپریل 2026ءکے بعد جاری کردہ وکالت کے لائسنس غیر موثر قرار
