مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار علی گیلانی آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب

مظفر آباد (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار علی گیلانی آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔ قائد ایوان کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں افتخار گیلانی نے 30 جب کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار مختارعباسی نے 14 ووٹ حاصل کیے۔ آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جمعے کو اسپیکر چوہدری طارق فاروق کی زیرصدارت ہوا جس میں قائد ایوان کے انتخاب کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے بیرسٹر افتخار گیلانی جب کہ پیپلزپارٹی نے سردار مختار عباسی کو اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔ پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے اسپیکر نے بیرسٹر افتخار گیلانی کے قائدِ ایوان منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ انتخاب میں کامیابی کے لیے کسی بھی امیدوار کو 27 ووٹ درکار تھے۔ ووٹنگ کے دوران افتخار گیلانی نے مطلوبہ تعداد سے 3 ووٹ زیادہ حاصل کیے اور آزاد جموں و کشمیر کے 17 ویں وزیرِاعظم منتخب ہوگئے۔ افتخار گیلانی ن لیگ کی جانب سے ٹیکنوکریٹ نشست پر قانون ساز اسمبلی کا حصہ بنے ہیں۔ بیرسٹر افتخار گیلانی اس سے قبل بھی آزاد کشمیر کی سیاست میں فعال کردار ادا کرچکے ہیں۔ وہ 2011 اور 2016 میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے جب کہ 2016 کے بعد انہیں آزاد کشمیر کابینہ میں وزیرِ تعلیم کی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی۔