ہنگو پولیس پوسٹ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ ہلاک، خیبر پختونخوا میں دو ماہ کے دوران متعدد دہشتگرد مارے گئے

پشاور (ویب ڈیسک) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہنگو میں کارروائی کرتے ہوئے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کو ہلاک کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق چھپری نریاب کے قریب 15 سے 18 خوارج کی نقل و حرکت دیکھی گئی، کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد مبینہ طور پر خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا، 29 جولائی کو ہنگو کے خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید اور 28 زخمی ہوئے تھے۔ دوسری جانب سیکورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران سیکورٹی فورسزکی جانب سے متعدد انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی گئیں۔ آپریشن 11 گرج کے دوران متعدد خوارج کو ہلاک اور ان کے ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی پکڑا اور اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد کیا۔ اس کے علاوہ باجوڑ کے علاقے شاکرو میں سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، باجوڑ آپریشنز کے دوران متعدد خوارج کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بموں کو بھی تباہ کیا۔