گوادر پولیس نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 12 یرغمالی افراد کو بازیاب کرالیا، 3 ملزمان گرفتار

کوئٹہ (آن لائن) گوادر سٹی پولیس نے کارروائی کے دوران پنجاب سے تعلق رکھنے والے 12 یرغمالی افراد کو بحفاظت بازیاب کرالیا جبکہ تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران پانچ گاڑیاں بھی اپنی تحویل میں لے لیں۔پولیس کے مطابق کارروائی ڈی آئی جی مکران رینج عمران قریشی اور ایس ایس پی گوادر عطاءالرحمن کی ہدایت پر نیو ملابند کے علاقے میں کی گئی۔ گرفتار ملزمان میں نادر شاہ ولد قادر داد شاہ سکنہ آواران حال گوادر، عبدالماجد ولد شیر محمد سکنہ پنجگور حال گوادر اور ظہیر الدین شاہ ولد عطاءمحمد شاہ سکنہ آواران حال گوادر شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق متاثرہ افراد کو روزگار کا جھانسہ دے کر پنجاب سے گوادر بلایا گیا، جہاں انہیں یرغمال بنا کر ان کے اہلِ خانہ سے رقم منگوانے کے لیے دباﺅ ڈالا جا رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ گوادر پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔