راولپنڈی (پ ر) مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام پاکستان بھر کے طلبا و طالبات کے لیے سمر کیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی آئی ایس پی آر سمر کیمپ میں طلبا و طالبات کیساتھ خصوصی نشست ہوئی۔ آئی ایس پی آر سمر کیمپ 2026 میں 4 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور تشدد کی کسی بھی شکل کو کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان عالمی منظر نامے پر مرکز نگاہ بن چکا ہے۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ نوجوان سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری، تحقیق اور شعور کے ساتھ کریں۔ گمراہ کن معلومات اور پروپیگنڈا نوجوان ذہنوں کو متاثر کرنے کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال، قومی سلامتی، دہشت گردی کے چیلنجز، نوجوانوں کے کردار اور ملکی ترقی میں ان کی ذمہ داریوں پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ نشست کے دوران طلبہ و طالبات نے کھل کر مختلف قومی، سماجی اور علاقائی موضوعات پر سوالات کیے، جن کے وزیراعلیٰ نے مدلل، جامع اور حقائق پر مبنی جوابات دیے۔
دہشتگردی کی کوئی صورت جائز نہیں، نوجوان سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری، تحقیق اور شعور کے ساتھ کریں، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی
