دہشت گردی کی وجہ صرف پسماندگی نہیں ایک مخصوص سوچ ہے، ریاست کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کے دائرے میں ہر قسم کے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ملک توڑنے کی سوچ رکھنے والوں سے بات چیت نہیں ہوسکتی۔ 20 ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست ہر چیز سے مقدم ہے، گورننس سے متعلق تحفظات ہوسکتے ہیں، ریاست کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ریاست مخالف عناصر پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، ریاست مخالف عناصر بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرنا چاہتے ہیں، پاکستان اور بلوچستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں اور یہ رشتہ تا قیامت قائم و دائم رہےگا۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ تشدد، ریاست مخالف پروپیگنڈا اور دہشت گردی کی حمایت کرنے والی آوازیں ملک میں نفرت اور انتشار پھیلا رہی ہیں، پاکستان کو کمزور کرنےکی ہر سازش ناکام بنائی جائےگی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی وجہ صرف پسماندگی نہیں بلکہ ایک مخصوص سوچ ہے جو بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرنا چاہتی ہے۔