بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن شعبان، مزید 7 دہشتگرد ہلاک، مجموعی تعداد 109 ہوگئی

کوئٹہ (ویب ڈیسک) پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن ”شعبان“ کامیابی سے جاری ہے۔ تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے جب کہ آج کیے جانے والے 2 آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جاری مشترکہ آپریشن شعبان کے دوران پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں فضائی اور زمینی کارروائیاں کیں۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو ہوائی اور زمینی کارروائیوں میں نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آج مختلف علاقوں میں کی جانے والی 2 کارروائیوں کے دوران مزید 7 دہشت گر مارے گئے۔ پہلی کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جو مختلف دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ اسی طرح سران ٹنگی میں دوسری تازہ کارروائی کے دوران مزید 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 71 ہوچکی ہے جب کہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 109 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔