کراچی، سمندر میں گرنے والے نجی کارگو طیارے کا ملبہ مل گیا، عملے کے 5 لاپتا ارکان کی تلاش جاری

کراچی (ویب ڈیسک) سمندر میں گرنے والے نجی کارگو طیارے کے لاپتا ارکان کی تلاش کا عمل جاری، کراچی میں نجی کارگو کمپنی کے سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے طیارے کے لاپتا 5 ارکان کے اہلخانہ شدت غم سے نڈھال ہیں۔ واضح رہے کہ بحیرہ عرب میں گر کر تباہ ہونے والے طیارے کا ملبہ مل گیا ہے لیکن ابھی تک طیارے کے پائلٹ کیپٹن رضوان ادریس ، فرسٹ آفیسر فیصل محمود جتوئی ، ائیرکرافٹ انجینئرز محمد عارف صدیقی محمد حامد خان اور لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان کی تلاش جاری ہے۔ جہاز کے تمام عملے کا تعلق کراچی سے ہے۔ نجی کارگو کمپنی کے بوئنگ 737 طیارے کے کیپٹن رضوان ادریس فائٹر پائلٹ تھے۔ پاکستان ائیرفورس سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے کمرشل ایوی ایشن کو جوائن کیا ، وہ ایک انتہائی تجربہ کار پائلٹ تھے ، ان دنوں کیپٹن رضوان نجی کارگو کمپنی کا طیارہ آپریٹ کر رہے تھے۔ کیپٹن رضوان 5 بچوں کے باپ ہیں ، ان کے 2 بیٹے بیرون ملک زیر تعلیم ہیں ، ان کے بچوں نے بتایا کہ ان کا والد سے آخری رابطہ کل شام 7 بجے ہوا تھا۔ سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے طیارے میں سوار ائیرکرافٹ انجینئر محمد عارف صدیقی پی آئی اے سے ڈپٹی چیف انجینئر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔ انجینئر عارف صدیقی 8 بچوں کے باپ ہیں۔ عارف صدیقی ان دنوں طیاروں کی منٹیننس کرنے والی نجی کمپنی سے وابستہ تھے۔انہوں نے شارجہ سے روانگی سے پہلے اہلیہ کو فون کرکے کراچی روانگی کی اطلاع دی تھی۔