پاکستان کی افغانستان میں کارروائیاں، متعدد دہشتگرد ہلاک، بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود کا ذخیرہ تباہ کردیا، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد پاکستان نے افغان صوبے پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں کارروائی کرتے ہوئے 25 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سرحدی علاقے میں جماعت الاحرار اور فتنتہ الخوارج کی کمین گاہوں پر کارروائیاں کی گئیں۔ عطا تارڑ نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر انٹیلی جنس آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر فتنتہ الخوارج کے 29 کارندے ہلاک کردیے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ 28 جون کو سیکورٹی فورسز نے باجوڑ میں آپریشن کیا ،آپریشن میں خارجی کمانڈر خان فروش عرف زابل 3 دہشت گردوں سمیت ہلاک ہوگیا۔ عطا تارڑ نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق بھارتی پراکسی جماعت الاحرار سے تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے مطابق افغان صوبے پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں بھی کارروائی کی گئی جس میں 25 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کے مراکز میں ذخیرہ کیا گیا بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود بھی تباہ ہوگیا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ آپریشن عزم استحکام کے تحت دہشت گردوں اور فتنتہ الخوارج کے خلاف پاکستانی سیکورٹی فورسز کے آپریشن جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن تب تک جاری رہیں گے جب تک غیر ملکی پیسے اور حمایت سے پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتیں بند نہیں ہو جاتیں۔