سرکاری حکام اور اداروں کیخلاف منفی مہم چلانے پر کوئٹہ سے 2 سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کو گرفتار کرلیا، نیشنل سائبر کرائم ایجنسی

کوئٹہ (بلوچستان نیوز) نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (این سی سی آئی)نے کوئٹہ میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر متحرک دو ایکٹیوسٹ کو گرفتار کرلیا ہے۔ ترجمان این سی سی آئی کے مطابق، گرفتار ملزمان میں مقبول جعفر اور ڈاکٹر ثنا شامل ہیں، جن پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے سینئر حکومتی افسران، عام شہریوں اور ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی اور منظم پروپیگنڈہ کرنے کا الزام ہے۔ ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف یہ کارروائی غیر قانونی مواد کو ہٹانے اور مزید خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے کی گئی انکوائری کے بعد عمل میں لائی گئی۔ ملزمان مبینہ طور پر اعلیٰ سرکاری حکام کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور اداروں کے خلاف منفی مہم چلانے میں ملوث پائے گئے۔ این سی سی آئی کے مطابق ملزمان کو اس سے قبل قانونی نوٹسز جاری کیے گئے تھے اور اصلاح کے لیے کافی موقع بھی فراہم کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے اپنی غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ ایجنسی نے ملزمان کے خلاف مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر محرکات کا پتہ لگایا جاسکے۔