پاکستانی جہازوں کیلئے آبنائے ہرمز کھلی ہے، ایرانی قونصل جنرل

کراچی (بلوچستان نیوز)کراچی میں ایرانی قونصل جنرل اکبر عیسی زادے نیکہا ہیکہ پاکستانی جہازوں کے لیے آبنائے ہرمز کھلی ہے۔نجی ٹی وی کو انٹرویومیں کراچی میں ایرانی قونصل جنرل اکبر عیسی زادے نے کہا کہ خام تیل یا گیس لانے والے جہاز حکومت ایران سے رابطہ کرکے آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں۔ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت کئی دیگرممالک کے جہازوں کو بھی آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت ہے۔ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز صرف امریکا، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کے لیے بند ہے۔ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ جارحیت میں ملوث ممالک کے علاوہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی تجارت کے لیے کھلی ہے۔خیال رہے کہ پاکستانی ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے ایران کے ساحل کے قریب رہ کر نکلنے والا تازہ ترین جہاز بن گیا ہے۔امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق پاکستانی پرچم بردار جہاز "کراچی” اتوار کے روز ایرانی جزائر لارک اور قشم کے درمیان ایک تنگ راستے سے گزرا، جس کے بعد وہ ساحل کے ساتھ ساتھ خلیج عمان کی جانب بڑھا، پاکستان کی جانب رواں دواں بحری جہاز پر 8 کروڑ لیٹر سے زائد تیل ہے۔پاکستانی ٹینکر ایرانی ساحل کے قریب سے گزر کر محفوظ راستے کی علامت بن گیا ہے، ایران کا غیر رسمی میرین ٹریفک کنٹرول نظام بھی سامنے آیا ہے۔بلومبرگ کے مطابق پاکستانی ٹینکر کا آبنائے ہرمز سے گزرنا ایران کے منظور شدہ راستے کی نشاندہی کرتا ہے، جس سے پتا چلتا ہے کہ جہازوں کو گزرنے کے لیے ایرانی منظوری لازمی ہے، بھارت اور ترکیے سمیت کئی ممالک نے ایران سے محفوظ راہ داری مانگ لی ہے، بیمہ کمپنیاں اور بینک ایرانی راستے پر بڑھتے خطرات سے پریشان ہیں ۔