کوئٹہ (ویب ڈیسک) چاغی، نوشکی تجارتی روٹ پر مسلح افراد کی کارروائیاں، تین گاڑیاں نذر آتش، دو کو تحویل میں لے لیا۔ چاغی کے علاقے پدگ چارسر کے مقام پر کوئٹہ تفتان تجارتی روٹ پر مسلح افراد نے تجارتی گاڑیوں کو نشانہ بنایا جبکہ نوشکی میں بھی اسی نوعیت کی کارروائی میں گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ مسلح افراد نے چارسر میں ایک تجارتی گاڑی کو نذرِ آتش کردیا، جبکہ دو لوڈ گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے کوئٹہ تفتان تجارتی روٹ پر گاڑیوں کو روک کر کارروائی کی۔ اس دوران ایک گاڑی کے ڈرائیور نے مبینہ طور پر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم مسلح افراد نے گاڑی کو آگ لگا دی۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع تاحال سامنے نہیں آئی۔ دوسری جانب نوشکی کے علاقے زرین جنگل کے مقام پر نوشکی خاران مرکزی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے تجارتی گاڑیوں کے قافلے میں شامل دو گاڑیوں کے ٹائروں پر فائرنگ کرکے انہیں ناکارہ بنا دیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ مقام پر مسلح افراد کی جانب سے ناکہ بندی بھی جاری ہے۔ تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
چاغی، نوشکی تجارتی روٹ پر مسلح افراد کی کارروائیاں، تین گاڑیاں نذر آتش، دو کو تحویل میں لے لیا
