افغانستان کے دو صوبوں پر حملہ، دہشتگردوں کا انفرااسٹرکچر تباہ

کابل/پکتیکا(ویب ڈیسک) افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیکا کے ضلع برمل میں دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملہ کیا گیا ہے۔ افغان میڈیا نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ جیٹ طیاروں نے برمل کے مختلف علاقوں میں بمباری کی، جس کے نتیجے میں شدت پسندوں کا انفرااسٹرکچر تباہ ہوگیا۔رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور متعدد مقامات سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی مخصوص خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، تاہم سرکاری سطح پر ہلاکتوں یا زخمیوں کی تعداد کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ادھر صوبہ ننگرہار کے ضلع خوگیانی میں بھی اسی نوعیت کی فضائی کارروائی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق وہاں بھی شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم نقصانات اور ممکنہ جانی ہلاکتوں کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ مزید کارروائی کے امکان کو بھی رد نہیں کیا جا رہا۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتِ حال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور مکمل معلومات سامنے آنے پر باضابطہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔