اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان بورڈ سے میٹرک طلبہ کو داخلہ فارم جمع کروانے کے لیے خصوصی مہلت دینے کا مطالبہ، انٹرنیٹ کی عدم دستیابی اور راستوں کی بندش کے باعث طلبہ کا تعلیمی مستقبل داﺅ پر نہ لگایا جائے، بلوچستان بورڈ داخلہ پورٹل کھلا رکھے۔ بلوچستان میں میٹرک سالانہ امتحانات 2027ءکے انعقاد سے قبل داخلہ فارم جمع کروانے کے حوالے سے طلبہ اور والدین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ کی عدم دستیابی، مواصلاتی نظام کی خرابی اور سڑکوں کی بندش کے باعث متعدد طلبہ مقررہ وقت پر اپنے داخلہ فارم جمع نہیں کروا سکے۔ عوامی حلقوں نے بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ میٹرک سالانہ امتحانات کے لیے داخلہ فارم جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کی جائے اور پورٹل کو امتحانات شروع ہونے تک کھلا رکھا جائے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے حالات دیگر صوبوں سے مختلف ہیں۔ یہاں کئی علاقوں میں کئی کئی دن انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہوتی، جبکہ بعض مقامات پر راستوں کی بندش کے باعث طلبہ اور والدین کو بروقت بورڈ یا متعلقہ اداروں تک رسائی حاصل نہیں ہوتی۔ ایسے حالات میں داخلہ فارم جمع نہ ہونے کی سزا طلبہ کو دینا ان کے تعلیمی مستقبل کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ کی جانب سے سنگل فیس، ڈبل فیس اور ٹرپل فیس کے تحت داخلہ فارم جمع کروانے کی سہولت دی جاتی ہے، لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سہولت کو مزید موثر بنایا جائے اور آخری دنوں میں بھی طلبہ کو فارم جمع کروانے کا موقع فراہم کیا جائے۔ عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی طالب علم امتحان شروع ہونے سے ایک یا دو دن قبل بھی اپنا داخلہ فارم اور مقررہ فیس جمع کروانے کے لیے تیار ہے تو اسے اس حق سے محروم کیوں رکھا جائے؟ اگر کوئی طالب علم امتحان سے ایک دن قبل بھی تمام ضروری دستاویزات اور فیس کے ساتھ رجوع کرتا ہے تو اس کا فارم وصول کرنے کے لیے خصوصی انتظامات ہونے چاہئیں۔انہوں نے بلوچستان بورڈ کے چیئرمین، سیکرٹری اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ داخلہ پورٹل بند کرنے کی پالیسی پر نظرثانی کی جائے، متاثرہ علاقوں کے طلبہ کو خصوصی رعایت دی جائے اور امتحانات سے قبل آخری وقت تک داخلہ فارم جمع کروانے کا موقع فراہم کیا جائے۔تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ بلوچستان کے طلبہ کو انٹرنیٹ، راستوں اور مواصلاتی مشکلات کی وجہ سے امتحان سے محروم نہ کیا جائے۔
