وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا قلعہ عبداللہ سے جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے کا حکم، متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

ماخذ: آئی این پی

کوئٹہ )آئی این پی( وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کے خاتمے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف موثر کارروائیوں کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی بحالی کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت موثر اقدامات کیے جائیں اور بھتہ گیری، اسمگلنگ، منشیات اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ قلعہ عبداللہ کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کریں اور جرائم کے خاتمے کے لیے مربوط کوششیں یقینی بنائیں۔ انہوں نے پائیدار امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے جامع اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ر عبدالخالق اچکزئی، رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات اور متعلقہ حکام شریک تھے، جبکہ متعلقہ ڈویژن کے کمشنر، ڈی آئی جی اور ڈپٹی کمشنرز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں قلعہ عبداللہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے جامع اقدامات کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر ضلع میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کی جانے والی کارروائیوں اور اقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی بحالی اور عوام کو جرائم سے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔