ماخذ: یو این اے
خضدار (این این آئی، یو این اے) خضدار کے علاقے میں زلزلے کے باعث پتھر گرنے سے مائن پرکام کرنے والا مزدور جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو خضدار کے پہاڑی سلسلے بیسار میں زلزلے کے باعث مائن پر کام کرنے والے مزدور پر پتھر آگر جس کے نیچے دب کرمزدور عبدالرحیم ولد قمر الدین جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو ٹیموں نے لاش ملبے تلے سے نکال کر اسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔ دریں اثنا خضدار کے علاقے نال میں 400 فٹ سے زائد گہری بورنگ میں گرنے والے بچے کی لاش ریسکیو آپریشن کے بعد نکال لی گئی۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نال عبداللہ مینگل کی سربراہی میں مقامی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور بچے کو نکالنے کے لیے کارروائی شروع کی، تاہم بورنگ کی انتہائی گہرائی کے باعث مقامی ٹیمیں بچے تک رسائی حاصل نہ کر سکیں نال کے مقامی ذرائع کے مطابق بورنگ کی گہرائی تقریبا 480 فٹ تھی، جس کے باعث خصوصی ریسکیو ٹیم طلب کی گئی۔ ریسکیو ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن مکمل کیا اور بچے کی لاش بورنگ سے باہر نکال لی۔
