ماخذ: یو این اے
کوئٹہ(یو این اے )جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے بلوچستان میں سرداری نظام کے خاتمے اور تمام شہریوں کو آئین و قانون کا پابند بنانے سے متعلق قرارداد صوبائی اسمبلی کے سیکریٹری طاہر شاہ کاکڑ کو جمع کرا دی ہے۔جماعت اسلامی بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے سیکریٹری صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران قرارداد تحریری طور پر پیش کی۔ مجوزہ قرارداد میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلوچستان میں بعض نام نہاد سردار اور نواب عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے ان پر ظلم و جبر کر رہے ہیں۔قرارداد میں خضدار میں اسما جتک اور قلات میں لائبہ نچاری کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے سرداری نظام کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں سرداری کا لقب اور سرداری نظام ختم کرکے ہر شہری کو آئین و قانون کا پابند بنایا جائے، کیونکہ آئین کے تحت تمام شہری برابر ہیں اور کسی کو دوسرے پر قانونی فوقیت حاصل نہیں۔مجوزہ قرارداد میں سرداروں کی سرکاری سرپرستی بند کرنے اور ظلم و زیادتی میں ملوث ہر شخص کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی شامل ہے، تاکہ قانون کی بالادستی اور شہریوں کے مساوی حقوق کو یقینی بنایا جا سکے۔پریس ریلیز کے مطابق سیکریٹری صوبائی اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ نے قرارداد جلد اسمبلی میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ اسے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
